گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ
 ملک بھر میں گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا، جس سے مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کو مزید مشکلات بھی دو چند ہو گئیں۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا، جس سے مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کو مزید مشکلات بھی دو چند ہو گئیں۔

رپورٹ کے مطابق مینوفیکچررز نے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتیں بڑھانے کا اعلان کردیا، نئے ریٹ کے تحت فی کلو گھی 12 روپے مہنگا ہو گیا ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں 16 کلو گھی کا ٹین اب 8 ہزار 550 روپے میں دستیاب ہے۔

اسی طرح کوکنگ آئل کا 5 کلو پیکٹ 2 ہزار 800 سے بڑھ کر 2 ہزار 850 روپے تک جا پہنچا ہے، یعنی صارفین کو فی پیک 70 روپے زیادہ ادا کرنا پڑیں گے۔

ہول سیل مارکیٹ میں بھی گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں واضح اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، ہول سیل مارکیٹ میں فی کلو گھی 535 روپے اور فی کلو کوکنگ آئل 572 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دودھ اور دہی کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

ڈیلرز کے مطابق مختلف برانڈز کے آئل اور گھی کی قیمتوں میں فی کلو یا فی لیٹر 10 سے 15 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس سے گھریلو بجٹ مزید متاثر ہوا ہے۔

بڑے برانڈز کے آئل و گھی کی قیمتوں میں بھی نمایاں تبدیلیاں کی گئی ہیں، کو کنگ آئل کا 10 لٹر کین اب 6 ہزار 400 روپے میں دستیاب ہے جبکہ دیگر مشہور برانڈز کے 5 لٹر اور فی کلو پیکٹس کی قیمتیں بھی بڑھ چکی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر خوردنی تیل کی بڑھتی قیمتیں اور مقامی پیداواری اخراجات میں اضافہ اس مہنگائی کی بڑی وجوہات ہیں تاہم عوام کے لیے یہ اضافے کسی بڑے جھٹکے سے کم نہیں۔