دودھ اور دہی کی قیمتوں میں بڑا اضافہ
Milk price hike Lahore
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور میں شہریوں کو ایک اور مہنگائی کا جھٹکا لگ گیا، دودھ اور دہی کی قیمتوں میں 10 روپے فی کلو اضافہ کر دیا گیا۔

نئے نرخنامے کے مطابق فی لیٹر دودھ کی قیمت 210 روپے اور دہی کی قیمت 250 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی ہے۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ حالیہ سیلاب سے مویشیوں کی بڑی تعداد متاثر ہوئی ہے جس کے باعث دودھ کی پیداوار میں کمی آئی۔ سپلائی کم اور طلب زیادہ ہونے کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ناگزیر تھا۔ ان کے مطابق چارے اور مویشیوں کی دیکھ بھال کے اخراجات بھی بڑھ گئے ہیں، جس کا اثر براہ راست دودھ اور دہی کی قیمتوں پر پڑا ہے۔

دوسری جانب شہریوں نے قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ہی روزمرہ اشیائے خوردونوش عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو رہی ہیں اور اب دودھ و دہی جیسی بنیادی ضرورت کی چیزیں بھی مہنگی ہو گئی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ حکومت کو مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ہنگامی اقدامات کرنا ہوں گے۔

معاشی ماہرین کے مطابق اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو آئندہ دنوں میں دودھ سے بنی دیگر مصنوعات جیسے مکھن، پنیر اور مٹھائیاں بھی مزید مہنگی ہو سکتی ہیں۔ شہری حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر مؤثر پالیسی بنا کر دودھ اور دہی کی قیمتیں کنٹرول کی جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔