اڑنے والی کاریں پرواز کے دوران حادثے کا شکار
Flying Car Crash China
فائل فوٹو
بیجنگ: (ویب ڈیسک) ٹیکنالوجی کی دنیا میں انقلابی تصور کی حامل اڑنے والی کاریں چین میں آزمائشی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہو گئیں۔

غیر ملکی میڈیا کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق چین کی ایک مشہور کمپنی کی جانب سے تیار کی جانے والی یہ کاریں عنقریب فروخت کیلئے پیش کی جانی تھیں، تاہم آزمائشی فیسٹیول کے دوران دو کاریں نچلی اونچائی پر پرواز کرتے ہوئے آپس میں ٹکرا گئیں۔

حادثے کے بعد دونوں ڈرائیورز نے ہنگامی طور پر کاروں کو زمین پر اتارنے کی کوشش کی، مگر ایک کار زمین پر پہنچنے سے پہلے آگ کی لپیٹ میں آ گئی جس کے نتیجے میں ایک ڈرائیور زخمی بھی ہوا۔ اس واقعے کے بعد صارفین اور ماہرین نے کمپنی کے معیار اور سیکیورٹی اقدامات پر سوالات اٹھانا شروع کر دیے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ان اڑنے والی کاروں کی قیمت 3 لاکھ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی کرنسی میں تقریباً ساڑھے 8 کروڑ روپے ہے۔ یہ کاریں نچلی سطح پر پرواز کرنے کیلئے ڈیزائن کی گئی ہیں، جو زیادہ سے زیادہ 3 ہزار میٹر کی بلندی تک جا سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:خبردار! گوگل پر یہ پانچ چیزیں کبھی بھی سرچ نہ کریں

واضح رہے کہ چین اس وقت دنیا میں پرواز کرنے والی کاروں اور الیکٹرک ٹیکسیوں کی تیاری میں سب سے آگے ہے۔ ملک بھر میں ہزاروں ڈرونز مختلف کاموں اور سفری سہولیات کیلئے آپریشنل ہیں، جبکہ درجنوں کمپنیاں اڑنے والی گاڑیوں کے منصوبوں پر تیزی سے کام کر رہی ہیں۔

دوسری جانب حادثے کے باوجود ماہرین کا ماننا ہے کہ اڑنے والی کاریں مستقبل کے سفری نظام میں ایک بڑی تبدیلی لا سکتی ہیں، تاہم ان کی حفاظت اور معیار پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔