خبردار! گوگل پر یہ پانچ چیزیں کبھی بھی سرچ نہ کریں
dangerous Google searches
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) گوگل دنیا کا سب سے بڑا سرچ انجن ہے جس پر روزانہ اربوں صارفین معلومات حاصل کرنے کیلئے انحصار کرتے ہیں۔

یہ پلیٹ فارم بلاشبہ معلومات کا خزانہ ہے، مگر ماہرین کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ گوگل پر ہر چیز سرچ کرنا محفوظ نہیں ہوتا۔ بعض چیزیں ایسی ہیں جنہیں سرچ کرنا نہ صرف بے فائدہ ہے بلکہ آپ کو نفسیاتی دباؤ، غیر ضروری خوف یا قانونی مشکلات میں بھی مبتلا کر سکتا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کی ایک تحقیق کے مطابق درج ذیل 5 چیزوں کو ہرگز گوگل پر سرچ نہ کریں۔

1۔ بیماری کی علامات

اگر آپ کو کوئی بیماری لاحق ہے یا آپ ایسی علامات محسوس کر رہے ہیں جن سے آپ کو خدشہ ہو رہا ہے تو بہتر ہے کہ براہِ راست ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ گوگل پر موجود بے شمار معلومات آپ کو فائدہ دینے کے بجائے مزید پریشان کر سکتی ہیں۔ معمولی علامات جیسے کھانسی یا بخار گوگل پر سرچ کرنے سے سنگین بیماریوں کیطرف لے جا سکتی ہیں، جو صرف ایک ماہر معالج ہی درست طور پر سمجھ سکتا ہے۔

2۔ بم بنانے کی ترکیب

جرائم، منشیات یا بم بنانے سے متعلق معلومات کو گوگل پر سرچ کرنا سخت نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ سیکیورٹی ایجنسیاں اس طرح کی سرچز پر نظر رکھتی ہیں اور آپ کا کمپیوٹر آئی پی ان کے ریکارڈ میں آ سکتا ہے۔ اس طرح آپ بغیر کسی وجہ کے بھی خطرناک نتائج بھگت سکتے ہیں۔

3۔ کینسر

کینسر ایک مہلک مرض ہے جس کی کئی علامات عام بیماریوں جیسی ہوتی ہیں، جیسے کمزوری یا چکر آنا۔ اگر آپ یہ علامات گوگل کرتے ہیں تو سرچ رزلٹ اکثر آپ کو براہِ راست کینسر کی طرف لے جاتے ہیں، جو غیر ضروری خوف اور ذہنی دباؤ کا باعث بن سکتا ہے۔ اس لیے بہتر یہی ہے کہ ڈاکٹر سے براہِ راست معائنہ کروائیں۔

4۔ خطرناک جانور

دنیا بھر میں کئی خطرناک جانور پائے جاتے ہیں، اگر آپ ان کے بارے میں بار بار سرچ کریں گے تو آپ کے اندر خوف پیدا ہو سکتا ہے اور آپ اپنی روزمرہ زندگی یا سفر کے دوران غیر ضروری پریشانی کا شکار ہو سکتے ہیں۔

5۔ اپنا نام

گوگل پر اپنا نام سرچ کرنا بھی غیر محفوظ ثابت ہو سکتا ہے، اس طرح آپ کے بارے میں پرانی تصاویر یا ایسی معلومات سامنے آ سکتی ہیں جو آپ کیلئے ناخوشگوار ہوں۔ اس سے نہ صرف پرائیویسی متاثر ہو سکتی ہے بلکہ غیر ضروری خدشات بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ گوگل ایک بے مثال سرچ انجن ہے لیکن اس کا استعمال سوچ سمجھ کر کرنا ضروری ہے۔ غلط موضوعات پر سرچ کرنا آپ کو صحت، ذہنی سکون اور قانونی معاملات میں مشکلات سے دوچار کر سکتا ہے۔

اس لیے ہمیشہ مستند ذرائع پر بھروسہ کریں اور سنجیدہ مسائل کے حل کیلئے متعلقہ ماہرین سے براہِ راست رجوع کریں۔