بل کی ادائیگی کیلئے ہسپتال انتظامیہ نے نومولود کو فروخت کر دیا
شہر قائد کے علاقے میمن گوٹھ میں ہسپتال کے اخراجات ادا کرنے کے لئے نومولود کو فروخت کرنے کا انکشاف ہوا
شہر قائد کے علاقے میمن گوٹھ میں ہسپتال کے اخراجات ادا کرنے کے لئے نومولود کو فروخت کرنے کا انکشاف ہوا/ فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد کے علاقے میمن گوٹھ میں ہسپتال کے اخراجات ادا کرنے کے لئے نومولود کو فروخت کرنے کا انکشاف ہوا جسے خاتون نے خرید کر پنجاب میں کسی کو پیسوں کے عوض دے دیا تھا۔

میمن گوٹھ میں قائم نجی ہسپتال میں شمع نامی خاتون ڈاکٹر سے معائنہ کروانے کے لئے گئی تو وہاں پر ڈاکٹر نے زچگی آپریشن کے لئے رقم کی ادائیگی کا مطالبہ کیا۔ خاتون نے جب ڈاکٹر سے رقم نہ ہونے کا تذکرہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ ایک خاتون بچے کی خواہش مند ہے اور وہ بچے کو نہ صرف پالے گی بلکہ آپریشن کے اخراجات بھی ادا کردے گی، نومولود اس کے حوالے کر دو۔

یہ بھی پڑھیں: ایم اے او کالج کے قریب ٹرک رکشہ پر الٹ گیا

خاتون کے آپریشن کے بعد لڑکے کی پیدائش ہوئی جسے ڈاکٹر نے خاتون کے حوالے کیا جس پر والد سارنگ نے مقدمہ درج کروایا۔ شوہر نے موقف اختیار کیا کہ مجھے شبہ ہے کہ شمع نامی خاتون نے میرا بچہ کسی اور کو فروخت کر دیا ہے لہذا قانونی کارروائی کی جائے۔

پولیس نے مقدمے کی تفتیش اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کے حوالے کیا۔ اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نے کارروائی کرتے ہوئے پنجاب سے بچے کو بازیاب کروا کے والدین کے حوالے کردیا جبکہ ہسپتال کو سیل کردیا ہے ۔ پولیس کے مطابق شمع بلوچ ہسپتال کی ملازمہ ہے اور اس نے ڈاکٹر زہرا کے ساتھ ملکر یہ کام انجام دیا۔