
پاک بھارت کرکٹ مقابلوں میں مجموعی طور پر گرین شرٹس کا پلڑا بھاری رہا، کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 208 بار آمنے سامنے آئیں، گرین شرٹس نے88بار فتح کے جھنڈے گاڑے جبکہ بھارتی ٹیم کو76بار کامیابی ملی۔
ایشیا کپ میں دونوں ٹیمیں 19 بار آمنے سامنے آئیں، پاکستان نے 6 بار بھارتی ٹیم کو ہار کا مزہ چکھایا جبکہ 3 مقابلے بغیر نتیجہ ختم ہوئے، ون ڈے کرکٹ میں 73 فتوحات کے ساتھ شاہینوں کو روایتی حریف پر واضح برتری حاصل ہے جبکہ بھارت 136 میں سے 58 ون ڈے میچ جیت سکا۔
ٹیسٹ کرکٹ میں بھی پاکستان نے کمال دکھایا، گرین شرٹس کو 59 میں سے 12 فتوحات ملیں اور بھارت کو 9 ٹیسٹ میچز میں کامیابی ملی جبکہ 38 ٹیسٹ میچز بغیر نتیجہ ختم ہوئے۔
ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بھارت نے 9 اور پاکستان نے 3 بار میدان مارا جبکہ ایک میچ برابر رہا، دبئی کے میدان میں دونوں ٹیمیں مجموعی طور پر 3 مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آئی ہیں، 2 میچز میں گرین شرٹس نے کامیابی اپنے نام کی۔
جس میں ٹی 20 ورلڈکپ 2021 کی یادگار 10 وکٹوں سےکامیابی آج بھی فینز کا لہو گرما دیتی ہے۔
شائقین کو امید ہے کہ شاہین اس بار ایشیا کپ میں بھارت کو ہرا کر ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں جیت کے فرق کو کم کریں گے ۔