پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان
ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق ملک میں 16ستمبر سے دو ہفتوں کیلئے پٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کی تیاری کر لی گئی۔

پٹرولیم ڈویژن ذرائع کا بتانا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس کے باعث ملک میں پٹرول کی قیمت میں ایک روپے 75 پیسے فی لٹر اضافے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے فی لٹر اضافہ متوقع ہے ، مٹی کے تیل کی قیمتوں میں 3 روپے فی لٹر تک اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں 3 روپے 70 پیسے فی لٹر تک اضافہ متوقع ہے۔

اس حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا ) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی سمری 15 ستمبر کو وزارت خزانہ کو ارسال کرے گی ، وزیر اعظم کی مشاورت کے بعد وزارت خزانہ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرے گی ۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان

یاد رہے کہ یکم ستمبر کو حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئندہ 15 روز کے لیے کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی ، 15 ستمبر تک کے لیے فی لٹر پٹرول کی قیمت 264 روپے 61 پیسے برقرار رکھی گئی تھی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 3 روپے فی لٹر کمی کے بعد 269 روپے 99 پیسے مقرر کی گئی تھی، اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں ایک روپے 46 پیسے فی لٹر کمی کی گئی جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 176 روپے 81 پیسے فی لٹر ہو گئی ۔

علاوہ ازیں لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 2 روپے 40 پیسے فی لٹر کمی کی گئی تھی، جو اب مارکیٹ میں 159 روپے 76 پیسے فی لٹر میں دستیاب ہے۔