سلامتی کونسل کا اجلاس، پاکستان نے اسرائیل کو کھری کھری سنا دیں
 اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتحار نے اسرائیلی مندوب کو کھری کھری سنا دیں۔
فائل فوٹو
نیویارک: (سنو نیوز) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتحار نے اسرائیلی مندوب کو کھری کھری سنا دیں۔

خبر رساں ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے قطر پر حملے پر بلائے گئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستان اور اسرائیل کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے نمائندے عاصم افتخار نے کہا اسرائیل کا قطر پر حملہ امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے، اسرائیلی حملہ قطر کی خودمختاری کی خلاف ورزی اور ڈھٹائی پر مبنی و غیر قانونی کارروائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل فورسز نے قطر میں ایک رہائشی علاقے کو نشانہ بنایا، جس سے کئی شہریوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئیں، یہ انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے، یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا جبکہ امن مذاکرات ممکنہ کامیابی کی جانب گامزن تھے۔

عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ کسی اہم ثالث کے علاقے اور براہِ راست مذاکرات میں شامل افراد کو نشانہ بنانا دراصل سفارت کاری کو سبوتاژ کرنے، امن کی کوششوں کو ناکام بنانے اور شہریوں کی مشکلات بڑھانے کی دانستہ کوشش ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کا قطر پر فضائی حملہ، حماس کے چاررہنما شہید

دوسری جانب اسرائیلی سفیر نے اپنے خطاب میں پاکستان میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت کی مثال دیتے ہوئے قطر پر اسرائیلی حملے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ قطر میں اسرائیلی حملے کو اسامہ بن لادن والے واقعہ سے جوڑنے کی کوشش کی۔

اس پر پاکستانی سفیر نے اسرائیلی مؤقف کو سخت سے مسترد کردیا اور اسرائیل کے مؤقف کو بیہودہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اپنی غیر قانونی کارروائیوں اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش کررہا ہے جس کا مقصد عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور اپنے غیرقانونی اقدامات کا جواز پیش کرنا ہے۔

عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری بخوبی آگاہ ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، ہم دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔