آٹے کے نرخوں میں مزید اضافہ، شہری پریشان
 صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں آٹے کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، آٹے کے نرخوں میں اضافے نے مہنگائی کی چکی میں پسے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا۔
فائل فوٹو
کوئٹہ: (سنو نیوز) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں آٹے کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، آٹے کے نرخوں میں اضافے نے مہنگائی کی چکی میں پسے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں ایک دن کے دوران 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 200 روپے کا اضافہ ہوا، مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا2 ہزار 200 روپے سے بڑھ کر 2 ہزار 400 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ 15 روز کے دوران 20 کلو آٹے کا تھیلا 800روپے مہنگا ہوا ہے،پنجاب کی جانب سے گندم کی بین الصوبائی نقل و حمل پر پابندی اور کی قیمتوں میں اضافے کے باعث آٹا مہنگا ہوا۔

تاجر برادری نے خدشہ ظاہر کیا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے آٹے کی بین الصوبائی نقل و حمل پر پابندی ختم نہ کی گئی تو قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں، بلوچستان حکومت پنجاب حکومت سے گندم کی بین الصوبائی نقل و حمل پر پابندی ختم کرنے کے حوالے سے بات کرے۔

یہ بھی پڑھیں: سیلاب کے اثرات، اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ

دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باوجود ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹیاں منظر عام سے مکمل طور پر غائب ہیں، بلوچستان حکومت نے بھی تاحال آٹے کی قیمتوں میں حیران کن اضافے کا نوٹس تک نہیں لیا۔

شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ آٹے کی قیمتوں میں اضافے نے مشکلات مزید بڑھا دی ہیں، آٹے بنیادی ضرورت ہے ، قیمتوں میں کمی کے حوالے سے فوری طور پر اقدامات کیے جائیں۔