یاماہا کمپنی کا پاکستان میں اپنی موٹرسائیکل کی پروڈکشن بند کرنے کا اعلان
معروف جاپانی موٹر کمپنی یاماہا نے پاکستان میں اپنی موٹر سائیکل کی پروڈکشن بند کرنے کا اعلان کر دیا۔
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) معروف جاپانی موٹر کمپنی یاماہا نے پاکستان میں اپنی موٹر سائیکل کی پروڈکشن بند کرنے کا اعلان کر دیا۔

یاماہا کی جانب سے صارفین کے نام جاری ایک نوٹس میں کمپنی نے پاکستانی بائیکرز کی طویل عرصے کی حمایت پر اظہار تشکر کیا۔

صارفین کے نام پیغام میں کمپنی کی جانب سے کہا گیا کہ بزنس پالیسی میں تبدیلی کے باعث اب مقامی سطح پر موٹر سائیکلیں تیار نہیں کی جائیں گی۔

کمپنی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بعد از فروخت خدمات جاری رہیں گی اور اسپیئر پارٹس یاماھا کے مجاز ڈیلرز کے ذریعے فراہم کیے جاتے رہیں گے، صارفین کو وارنٹی سروسز اور تکنیکی مدد کی فراہمی بھی موجودہ وارنٹی اسکیمز کے تحت جاری رہے گی تاکہ فوری خدشات کچھ حد تک کم ہو سکیں۔

کمپنی نے واضح کیا کہ پروڈکشن رکنے کے باوجود وہ آخر تک موٹر سائیکل مالکان کی معاونت کے لیے پرعزم ہے۔

صنعتی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ قدم بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت، چینی برانڈز کی سخت مسابقت اور پاکستان میں معاشی غیر یقینی صورتحال سے جڑا ہو سکتا ہے، یاماہا کے انخلا نے ملک میں پریمیم بائیک سیکٹر کے مستقبل پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے جہاں قیمت اور اسپیئر پارٹس کی دستیابی باعث فکر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایف بی آر کا ٹیکس چوروں کے خلاف جارحانہ کریک ڈاؤن

یاماہا کی جانب سے پاکستان میں موٹر سائیکل پروڈکشن بند کرنے کا فیصلہ محض کارپوریٹ پالیسی کی تبدیلی نہیں بلکہ پاکستان کی زبوں حال آٹو انڈسٹری کی کڑوی حقیقتوں کو اجاگر کرتا ہے، معاشی مشکلات، کرنسی کی گراوٹ اور سستے برانڈز کی موجودگی نے شاید یاماہا کے لیے پروڈکشن جاری رکھنا ناممکن بنا دیا تھا۔

کمپنی کی جانب سے صارفین کے لیے اگرچہ اسپیئر پارٹس اور وارنٹی سپورٹ کی یقین دہانی کرائی گئی ہے لیکن طویل مدتی خدشہ یہ ہے کہ پروڈکشن مکمل طور پر رکنے کے بعد یاماہا کس حد تک سستی اور با آسانی دستیاب سہولیات فراہم کر سکے گی۔

یہ صورتحال ممکنہ طور پر صارفین کو چینی اور مقامی برانڈز کی طرف راغب کرے گی اور پاکستان کی موٹر سائیکل مارکیٹ کی سمت کو تبدیل کر سکتی ہے۔