حکومت نے ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کردی
حکومت نے ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کردی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) حکومت نے ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کردی۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا، یکم اکتوبر سے ایل پی جی کی قیمت میں 3.1 فیصد کی کمی ہو گی۔

اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی قیمت میں 6 روپے 70 پیسے فی کلو کی کمی کی گئی ہے، یکم اکتوبر سے ایل پی جی کی قیمت 207 روپے 49 پیسے فی کلو مقرر کردی گئی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق یکم اکتوبر سے ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 79 روپے 14 پیسے کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 2 ہزار 448 روپے 33 پیسے مقرر کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ستمبر میں ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 2 ہزار 527 روپے 47 پیسے مقرر تھی۔

یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمت میں حیران کن اضافہ

دوسری پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے جس سے مہنگائی کی چکی میں پسے پر مزید معاشی بوجھ پڑنے کا خدشہ ہے۔

ذرائع کے مطابق یکم اکتوبر سے پٹرول کی قیمت میں ایک روپے 97 پیسے فی لٹر اضافے کا امکان ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 2 روپے 48 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوسکتا ہے۔

اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں ایک روپے 76 پیسے فی لٹر اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے 65 پیسے فی لٹر اضافے کا خدشہ ہے۔

اوگرا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل سے متعلق نئی سمری وزارتِ خزانہ کو بھیجے گی، وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزارت خزانہ کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق حتمی اعلان کیا جائے گا۔