خواتین کیلئے پنک ٹیکسی اسکیم متعارف کرانے کا اعلان
pink taxi scheme for women
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ حکومت نے خواتین کی سفری سہولت اور تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک اور انقلابی اقدام اٹھانے کا اعلان کر دیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ میں خواتین کیلئے خصوصی پنک ٹیکسی اسکیم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس اسکیم کا مقصد خواتین کو بااعتماد، محفوظ اور سہل سفری سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ بلا خوف و خطر اپنے تعلیمی، گھریلو اور پیشہ ورانہ سفر کو مکمل کر سکیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے یہ اعلان کراچی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کیا جہاں خواتین کو مفت الیکٹرک پنک اسکوٹروں کی چابیاں تقسیم کی گئیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ صرف اک آغاز ہے، ہم بہت جلد خواتین کیلئے پنک ٹیکسی اسکیم بھی لے کر آ رہے ہیں، تاکہ خواتین کو مزید سہولت اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت اس سے پہلے بھی کراچی میں پنک بس سروس اور صوبے میں الیکٹرک بسیں شروع کر چکی ہے، جس کیوجہ سے سندھ خواتین کیلئے مخصوص پبلک ٹرانسپورٹ فراہم کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کیلئے بڑی خوشخبری

 

 

واضح رہے کہ اسکوٹر اسکیم خاص طور پر طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کیلئے متعارف کرائی گئی ہے، تاکہ وہ روزمرہ کے سفری مسائل سے نجات پا سکیں اور اپنی تعلیم و ملازمت پر زیادہ توجہ دے سکیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر زور دیا کہ خواتین کو بااختیار بنانا سندھ حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے کا اہم حصہ ہے۔