حکومت کا سرکاری ملازمین کیلئے بلاسود قرضوں کا اعلان
KPK government loan scheme
فائل فوٹو
پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کیلئے ایک بڑا ریلیف پیکج متعارف کراتے ہوئے بلاسود قرضہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ سہولت گریڈ 1 سے گریڈ 17 تک کے صوبائی ملازمین کو فراہم کی جائے گی، تاکہ وہ اپنی مالی ضروریات آسانی کے ساتھ پوری کرسکیں۔

جاری کردہ مراسلے کے مطابق اس اسکیم کے تحت ملازمین کو قرضے آسان اقساط پر دیے جائیں گے۔ اس مقصد کیلئے رواں مالی سال کے بجٹ میں 34 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ان میں سے 10 کروڑ روپے سیکرٹریٹ ملازمین کیلئے جبکہ 24 کروڑ روپے دیگر سرکاری ملازمین کیلئے مختص کیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق قرضے کی مختلف کیٹیگریز رکھی گئی ہیں۔ گاڑی خریدنے کے خواہشمند ملازمین کیلئے 2 لاکھ روپے تک کا ایڈوانس دیا جائے گا، جبکہ گھر بنانے کیلئے ملازمین کو ڈھائی لاکھ روپے تک کا ایڈوانس فراہم کیا جائے گا۔ حکومتی فیصلے کے مطابق یہ قرضے بلاسود ہوں گے جس سے ملازمین کو کسی اضافی مالی دباؤ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

یہ بھی پڑھیں:بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں کیلئے ڈیڈ لائن مقرر

دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف ملازمین کے مالی مسائل کم کرے گا بلکہ ان کی کارکردگی اور اداروں کی مجموعی استعداد کار میں بھی بہتری لائے گا۔

سرکاری ملازمین نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حکومت کی جانب سے ان کے مسائل کے حل کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔