
عدالت نے درخواست باقاعدہ سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ درخواست کے قابلِ سماعت ہونے کا فیصلہ عدالت خود کرے گی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر سرکاری وکیل سے دلائل طلب کر لئے۔
حسان نیازی کے وکیل نے مو قف اپنایا کہ 9 مئی کیس میں گرفتاری کے بعد ملزم کو سویلین عدالت میں پیش نہیں کیا گیا بلکہ تھانہ سرور روڈ پولیس نے غیر قانونی طور پر ملزم کو ملٹری کے حوالے کر دیا۔ استدعا ہے کہ کمانڈنگ آفیسر کا 17 اگست 2023 کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے کر ملزم کو رہا کرنے یا انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: حسان نیازی کی ملٹری حراست کیخلاف درخواست ، اعتراضات پرفیصلہ محفوظ
ادھر پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی بیرون ملک سفر پر پابندی کے خلاف دائر توہین عدالت درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ ‘‘آپ کی فیڈریشن اتنی کمزور ہے کہ اگر کوئی باہر چلا جائے تو واپس نہیں لا سکتے ؟ یہ سیاسی لوگ ہیں، کہیں نہیں جائیں گے۔
مزید برآں، انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدم دستیابی کے باعث پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدمات کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی گئی۔ مختلف مقدمات کی نئی تاریخیں مقرر کر دی گئیں، 26 نومبر احتجاج کے دوران پاپو ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں اشتہاری ملزم ریحان نثار کو جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس نے دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا، جبکہ پولیس کی جانب سے 7 روزہ ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی گئی۔
اڈیالہ جیل کے قریب علیمہ خان پر میڈیا ٹاک کے دوران انڈے مارنے کے کیس کی سماعت 27 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ پولیس نے اپنا جواب عدالت میں جمع کرا دیا۔ انڈے مارنے کے واقعے پر درج درخواست کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج فرحت جبیں نے کی۔ کیس کی آئندہ سماعت پر وکلا اپنے دلائل پیش کریں گے۔



