جیل ٹرائل نوٹیفکیشن واپس،عمران خان ویڈیو لنک پر عدالت پیش ہوں گے
GHQ attack case Imran Khan video link
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے جی ایچ کیو حملہ کیس کے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا، اس حوالے سے نیا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جیل ٹرائل کے نوٹیفکیشن کی واپسی کے بعد اب جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت اڈیالہ جیل کے بجائے انسداد دہشتگردی عدالت (اے ٹی سی) راولپنڈی میں ہوگی۔

اس فیصلے کے تحت کیس کے دیگر ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جائے گا، جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کو ضرورت کے مطابق ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے یہ فیصلہ قانونی ماہرین کی مشاورت اور موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔ جیل ٹرائل کے فیصلے پر سیاسی اور قانونی حلقوں کی جانب سے تنقید کی جا رہی تھی اور مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ شفاف کارروائی کیلئے کھلی عدالت میں سماعت ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی میں کچھ منافق لوگ جماعت کو کمزور کررہے ہیں: علی امین گنڈاپور

واضح رہے کہ جی ایچ کیو حملہ کیس کے ساتھ ساتھ عمران خان اور دیگر رہنماؤں پر 9 مئی کے واقعات کے مقدمات بھی زیر سماعت ہیں۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ نئے فیصلے کے بعد ٹرائل کے قانونی اور سیاسی پہلو مزید اہمیت اختیار کر جائیں گے۔