عمران خان کی سزا معطلی درخواستوں پر تحریری حکم نامہ جاری
عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں کو جلد مقرر کرنے کی درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کیا
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد اعظم خان پر مشتمل ڈویژن بینچ نے تحریری حکم نامہ جاری کیا/ فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں کو جلد مقرر کرنے کی درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد اعظم خان پر مشتمل ڈویژن بینچ نے تحریری حکم نامہ جاری کیا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ ہائیکورٹ کی کورٹ پالیسی کے مطابق ان درخواستوں کو جلد از جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی رہائی کیلئے بیٹوں نے اقوام متحدہ سے رجوع کر لیا

تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ جتنی جلدی ممکن ہو، کیس کو مقرر کر کے سماعت کے لیے پیش کیا جائے تاکہ فریقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ ان کی سزا معطلی کی درخواستوں کو جلد مقرر کیا جائے تاکہ انہیں انصاف فراہم ہو سکے اور غیر ضروری تاخیر سے بچا جا سکے۔ عدالت نے مؤقف سے اتفاق کرتے ہوئے جلد سماعت کی درخواست کو منظور کر لیا۔
یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 190 ملین پاؤنڈ کے کرپشن ریفرنس میں سزا سنائی گئی تھی اور دونوں نے اس فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہوا ہے۔ درخواست گزاروں کا مؤقف ہے کہ نیب کی جانب سے جان بوجھ کر کیس کو طول دیا جا رہا ہے تاکہ ان کے خلاف کارروائی کو سیاسی دباؤ کے طور پر استعمال کیا جا سکے۔
تحریری حکم نامے کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کی پالیسی یہ ہے کہ سزا معطلی کی درخواستوں کو ترجیحی بنیادوں پر سنا جائے تاکہ فریقین کے بنیادی حقوق متاثر نہ ہوں۔ عدالت نے حکم دیا کہ ان درخواستوں کو جلد از جلد فہرست میں شامل کیا جائے اور مقررہ تاریخ پر سماعت یقینی بنائی جائے۔