عمران خان کا توشہ خانہ کیس ٹرائل رکوانے کیلئے عدالت سے رجوع
بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے توشہ خانہ ٹو کیس کا ٹرائل رکوانے اور اپیل کی جلد سماعت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے توشہ خانہ ٹو کیس کا ٹرائل رکوانے اور اپیل کی جلد سماعت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔

سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل بیرسٹر سلمان صفدر اور خالد یوسف چودھری کی وساطت سے دائر کی گئی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے گزشتہ برس نومبر میں توشہ خانہ ٹو کیس میں بریت کی درخواست مسترد کی تھی جس کے خلاف رواں برس 21 جنوری 2025 کو اپیل دائر کی گئی۔

اپیل کی آخری سماعت 25 اپریل کو ہوئی، اس کے بعد سے معاملہ التوا کا شکار ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ اپیل میں تاخیر سے درخواست گزار کے بنیادی حقوق متاثر ہونے کا اندیشہ ہے جب کہ ٹرائل کورٹ میں غیر معمولی تیزی سے کارروائی کو آگے بڑھا یا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب

درخواست گزار کی جانب سے کہا گیا کہ اپیل پر فیصلہ آنے سے پہلے اگر ٹرائل مکمل ہوگیا تو اپیل کا فائدہ ختم ہو جائے گا، اس لیے عدالت سے استدعا ہے کہ اپیل کا فیصلہ ہونے تک ٹرائل روکنے کا حکم دیا جائے۔

دوسری جانب ٹرائل کورٹ میں سابق وزیر اعظم و بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی گئی۔

سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کی، اس موقع پر پیٹرن انچیف پی ٹی آئی عمران خان اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی جانب سے خالد یوسف چودھری عدالت میں پیش ہوئے۔

بعدازاں سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت بغیر کارروائی 15 ستمبر تک ملتوی کر دی۔