عمران خان کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب
Imran Khan court cases
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔

جسٹس محمد اعظم خان نے عمران خان کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی، جس میں نیب، ایف آئی اے اور پولیس کی کارروائیاں روکنے کی استدعا کی گئی تھی۔ سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل سلمان صفدر، ان کی بہنیں اور نیب حکام بھی عدالت میں موجود تھے۔

عمران خان کے وکیل نے عدالت سے لارجر بینچ تشکیل دینے کی درخواست کی، تاہم نیب حکام نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ درخواست میں ایسی کوئی بنیاد موجود نہیں جس پر لارجر بینچ بنایا جا سکے۔

اسپیشل پراسیکیوٹر نیب نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ اگر مہلت دی جائے تو عمران خان کیخلاف مقدمات کی مکمل تفصیلات فراہم کر دی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان کا پی ٹی آئی سینیٹرز کو کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کا حکم

اس پر عمران خان کے وکیل نے استدعا کی کہ فریقین کو 7 روز کا وقت دیا جائے تاکہ تمام ریکارڈ عدالت کے سامنے آ سکے۔

بعد ازاں عدالت نے نیب، ایف آئی اے اور پولیس کو ہدایت دی کہ عمران خان کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات پیش کی جائیں۔

سیاسی اور قانونی ماہرین کے مطابق یہ اقدام عمران خان کیخلاف جاری قانونی کارروائیوں میں ایک اہم موڑ ثابت ہوسکتا ہے، جس کے بعد مستقبل کی قانونی حکمت عملی مزید واضح ہوگی۔