عمران خان کا پی ٹی آئی سینیٹرز کو کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کا حکم
Ex prime minister of Pakistan and founder of PTI Imran Ahmad Khan Niazi
سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان/فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بانی چئیرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی کے تمام سینیٹرز کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں سے فوری طور پر مستعفی ہونے کی ہدایت کر دی۔

یہ بات ان کی بہن علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتائی۔

علیمہ خان نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان نے واضح پیغام دیا ہے کہ جتنے بھی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر کمیٹیوں میں موجود ہیں وہ فوری طور پر اپنے استعفے جمع کروائیں۔

عمران خان نے مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منتخب اراکین قومی اسمبلی کو ناجائز سزائیں دے کر ان کی نشستوں پر قبضہ کیا جا رہا ہے، اس لیے کمیٹیوں میں بیٹھنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہتا۔

علیمہ خان نے عمران خان کی صحت کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان بالکل صحت مند ہیں تاہم بشریٰ بی بی کی طبیعت خراب ہے، اس سلسلے میں ان کے طبی معائنے کیلئے درخواست جمع کروا دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:190 ملین پاؤنڈز کیس، عمران خان کی سزا معطلی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے انہیں سوال کیا کہ آپ کو کیوں نشانہ بنایا جا رہا ہے؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ حکومت یہ چاہتی ہے کہ عمران خان کا پیغام عوام تک نہ پہنچ سکے۔

اس اعلان کے بعد سیاسی حلقوں میں ایک نئی بحث شروع ہوگئی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا اگلا سیاسی قدم کیا ہوگا اور سینیٹ میں اس کے اثرات کس حد تک نظر آئیں گے۔