190 ملین پاؤنڈز کیس: عمران خان کی سزا معطلی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر
اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی کا کیس جلد مقرر کرنے کی متفرق درخواستیں کل سماعت کے لیے مقرر کر دیں۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک)اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی کا کیس جلد مقرر کرنے کی متفرق درخواستیں کل سماعت کے لیے مقرر کر دیں۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس اعظم خان پر مشتمل دو رکنی بنچ کل بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کا کیس جلد مقرر کرنے کی متفرق درخواستوں پر سماعت کرے گا۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی نے اپنے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی وساطت سے سزا معطلی کی درخواستیں جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی تھی ۔

یہ بھی یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں آخری سماعت 26 جون کو ہوئی تھی۔

دوسری جانب بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت 12 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت ملتوی

راولپنڈی اڈیالہ جیل میں سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کی، سماعت کے دوران استغاثہ کے 16ویں گواہ(وعدہ معاف گواہ) پرائیویٹ اپریزر صہیب عباسی کا بیان قلمبند کر لیا گیا۔

دوران سماعت سابق وزیر اعظم عمران خان کے پرسنل سیکرٹری انعام شاہ کے بیان پر بشریٰ بی بی کے وکیل نے جرح مکمل کر لی جبکہ انعام شاہ کے بیان پر آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل قوسین فیصل مفتی جرح کریں گے۔

بعدازاں عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی مزید سماعت12 ستمبر بروز جمعہ تک ملتوی کر دی ۔