عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت ملتوی
 بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت 12 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (سنو نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت 12 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی میں سپیشل جج سینٹرل اسلام آباد شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کی، جیل حکام کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔

سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان کی تینوں بہنیں (علیمہ خان، نورین نیازی، عظمیٰ خان)،بشریٰ بی بی کی بھابھی،بیٹی اور ایک بچہ بھی کمرہ عدالت میں موجود تھیں۔

ملزمان کی جانب سے وکلاء صفائی بیرسٹر سلمان صفدر،ظہیر عباس،عثمان گل،ارشد تبریز اور قوسین فیصل مفتی عدالت پیش ہوئے جبکہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے )کی جانب سے سپیشل پبلک پراسیکیوٹرز ذوالفقار عباس نقوی اور عمیر مجید ملک عدالت پیش ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ریلیف مل گیا

سماعت کے دوران استغاثہ کے 16ویں گواہ(وعدہ معاف گواہ) پرائیویٹ اپریزر صہیب عباسی کا بیان قلمبند کر لیا گیا، دوران سماعت سابق وزیر اعظم عمران خان کے پرسنل سیکرٹری انعام شاہ کے بیان پر بشریٰ بی بی کے وکیل نے جرح مکمل کر لی جبکہ انعام شاہ کے بیان پر آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل قوسین فیصل مفتی جرح کریں گے۔

بعدازاں عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی مزید سماعت12 ستمبر بروز جمعہ تک ملتوی کر دی ۔