
اسپیشل جج سینٹرل ایف آئی اے شاہ رخ ارجمند اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کریں گے، توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے لیے پیر کی صبح 10 بجے کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کل سماعت کے دوران پراسیکیوشن کی جانب سے مزید گواہان کے بیانات ریکارڈ کروائے جائیں گے، بانی پی ٹی آئی عمران خان اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے وکلاء کی جانب سے گواہان پر جرح متوقع ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے وکلاء کی تاخیر سے عدالت پہنچنے پر سرزنش کی تھی۔
عدالت نے ریمارکس میں کہا تھا کہ 10 بجے کی عدالت لگی ہے اور آپ 2 بجے عدالت پہنچے ہیں، آپ سابق وزیر اعظم کے وکیل ہیں، آئندہ وقت کی پابندی کریں۔
یہ بھی پڑھیں: نئے عدالتی سال سے قبل جسٹس منصور کا چیف جسٹس کو ایک اور خط
سماعت کے دوران مقدمہ میں گیارہویں گواہ اے ڈی نیب آفتاب حسین پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل قوسین فیصل نے اپنی جرح مکمل کر لی، بارہویں گواہ کسٹم اپریزر رابعہ صمد کا بیان بھی قلمبند کر لیا گیا جبکہ تیرہویں گواہ نیب یو ڈی سی حسنین مرتضی کا بیان غیر ضروری جان کر ترک کر دیا گیا۔
بعدازاں عدالت نے استغاثہ گواہ کسٹم اپریزر ثناء جاوید کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ مقدمہ میں مجموعی طور پر 12گواہان کی شہادت قلمبند جبکہ 11پر جرح کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔