
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد، لاہور اور پنجاب کے دیگر شہروں میں موسلا دھار بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا، تاہم نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے مشکلات کا سامنا بھی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے پیش گوئی کی گئی ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ 9 ستمبر تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔
جاری کردہ رپورٹس کے مطابق پنجاب کے شہروں لاہور، سیالکوٹ، نارووال، قصور، اوکاڑہ اور بہاولنگر سمیت رحیم یار خان، ساہیوال، خانیوال، ڈی جی خان، ملتان، سرگودھا اور فیصل آباد میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں کوہستان، دیر، سوات، چترال، کرم، پشاور، باجوڑ، مہمند اور وزیرستان میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔
مزدی برآں سندھ میں حیدرآباد، میرپورخاص، سانگھڑ اور ٹھٹھہ میں بارش ہوئی، جبکہ کراچی میں آج شام سے جمعرات تک موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریاں، 900 سے زائد افراد جانبحق
شدید بارشوں کے بعد پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بڑھ گئے ہیں، جس پر محکمہ موسمیات نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
انتظامیہ نے مون سون کے اس سپیل کے دوران شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور نشیبی علاقوں میں جانے سے احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے، تاکہ کسی بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔