بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریاں، 900 سے زائد افراد جانبحق
Pakistan floods 2025
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان بھر میں جاری طوفانی بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں سیکنڈوں افراد جان کی بازی ہار گئے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں جاں بحق افراد کی تعداد 900 سے تجاوز کر گئی ہے، جب کہ ہزاروں افراد زخمی اور بے گھر ہو چکے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق اب تک 907 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ 1044 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ سب سے زیادہ جانی نقصان خیبر پختونخوا میں ہوا جہاں 502 افراد جاں بحق اور 218 زخمی ہوئے۔

پنجاب میں بھی صورتحال تشویشناک ہے، جہاں 223 افراد جاں بحق اور 654 زخمی ہوئے۔

سندھ میں بارشوں اور سیلاب کے باعث 58 افراد جاں بحق اور 78 زخمی ہوئے ہیں۔ بلوچستان میں 26 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوئے، جبکہ گلگت بلتستان میں 41 اور آزاد کشمیر میں 38 شہری جاں بحق ہوئے۔ اسلام آباد میں بھی 9 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور سیلاب کے باعث مجموعی طور پر 7 ہزار 848 مکانات کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ 6 ہزار 180 مویشی ہلاک ہو چکے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں تاہم کئی دیہات اب بھی پانی میں گھرے ہوئے ہیں اور وہاں پہنچنا مشکل ثابت ہو رہا ہے۔

ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مزید بارشوں کی صورت میں نقصان میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب حکومت نے متاثرین کی فوری امداد اور بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔