کنگری میں کشتی ڈوب گئی، 6 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا
Kangri boat capsized
فائل فوٹو
سکھر:)ویب ڈیسک) سندھ کے علاقے کنگری میں ایک کشتی ڈوبنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، مقامی افراد کی بروقت کارروائی نے انسانی جانوں کا بڑا نقصان ہونے سے بچا لیا۔

اطلاعات کے مطابق کشتی میں 6 افراد سوار تھے جو اپنے قیمتی سامان اور 3 موٹر سائیکلوں کے ساتھ نقل مکانی کر رہے تھے۔

یہ واقعہ کنگری کے علاقے کھرل آباد میں پیش آیا جہاں سیلاب کے خدشے کے باعث ایک ہی گاؤں کے 6 افراد نے اپنی کشتی کے ذریعے محفوظ مقام کی طرف جانے کی کوشش کی، کشتی زیادہ وزن اور تیز پانی کے دباؤ کے باعث بیچ میں ڈوب گئی۔

مقامی لوگوں نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا اور تمام 6 افراد کو زندہ سلامت باہر نکال لیا۔

عینی شاہدین کے مطابق اگر مقامی افراد فوری مدد نہ کرتے تو ایک بڑا سانحہ پیش آ سکتا تھا، تاہم کشتی میں موجود قیمتی سامان اور موٹر سائیکلیں پانی میں ڈوب کر ضائع ہو گئیں۔ واقعے کے بعد متاثرہ خاندان سخت پریشانی میں مبتلا ہے کیونکہ ان کا تمام اثاثہ پانی کی نذر ہو گیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق علاقے میں مسلسل بارشوں اور سیلاب کے خطرے کے باعث کئی خاندان نقل مکانی پر مجبور ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:سیلابی ریلا جھنگ اور دیگر اضلاع میں تباہی مچانے لگا

حکام کا کہنا ہے کہ مقامی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں، تاکہ مزید کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

کنگری میں کشتی ڈوبنے کا یہ واقعہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ سیلابی صورتحال میں حفاظتی انتظامات مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ قیمتی جانوں اور املاک کو نقصان سے بچایا جا سکے۔