سیلابی ریلا جھنگ اور دیگر اضلاع میں تباہی مچانے لگا
Chenab river flood Pakistan
فائل فوٹو
جھنگ:)ویب ڈیسک) دریائے چناب میں آنے والا خوفناک سیلابی ریلا سیالکوٹ، وزیرآباد اور چنیوٹ میں تباہی مچانے کے بعد جھنگ میں داخل ہو گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق جھنگ کے 135 دیہات زیر آب آ گئے، جبکہ کئی افراد گھروں میں محصور ہیں جنہیں نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ سرگودھا روڈ بھی 2 سے 3 فٹ پانی میں ڈوب جانے سے آمد و رفت شدید متاثر ہوئی ہے۔

محکمہ آبپاشی کے مطابق آج شام تک 10 لاکھ کیوسک کا ریلا ملتان سے گزرے گا، جس سے نشیبی علاقے بری طرح متاثر ہوں گے۔ گوجرانوالہ، وزیرآباد اور چنیوٹ میں بارش کے باعث سیلابی پانی مزید بڑھ گیا ہے جس کے نتیجے میں کئی ایکڑ پر کھڑی فصلیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔

دوسری جانب ملتان میں بھی صورتحال سنگین ہے، تحصیل شجاع آباد کی زمینوں میں پانی داخل ہو گیا، جس کے نتیجے میں 140 دیہات پانی کی لپیٹ میں آ گئے ہیں۔

مظفرگڑھ میں دریائے چناب میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے باعث ہزاروں ایکڑ پر موجود فش فارمز بھی ڈوبنے کے خطرے سے دوچار ہیں۔ نقصان کے اندیشے کے پیشِ نظر فش فارمرز نے مچھلی کے تالاب خالی کرنا شروع کر دیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:کیا کبھی ہم نے سوچا ہے کہ دریا کو قید کرنے کا انجام کیا نکلتا ہے؟

دوسری جانب نارووال میں آدوکے جھال کے قریب نہر ایم آر لنک کا بند ٹوٹ گیا، جس سے نہری پانی کھوکھر والی، چندر کے منگولے اور چیلے والی میں داخل ہو گیا ہے، جس نے مقامی آبادی کو مزید مشکلات میں ڈال دیا ہے۔

دریائے چناب کا یہ سیلابی ریلا پنجاب کے کئی اضلاع کیلئے خطرے کی گھنٹی بن چکا ہے، جس کے باعث آئندہ 24 گھنٹے صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے۔