پنجاب میں سیلابی صورتحال، پی پی ایس سی کے امتحانات ملتوی
 پنجاب میں سیلابی صورتحال کے باعث پنجاب پبلک سروس کمیشن کے امتحانات ملتوی کردیے گئے۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پنجاب میں سیلابی صورتحال کے باعث پنجاب پبلک سروس کمیشن کے امتحانات ملتوی کردیے گئے۔

چیئرمین پی پی ایس سی لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد عبدالعزیز کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری افضال احمد، ممبر ایگزام مرزا سہیل عامر، انچارج رانا راحت امین و دیگر شریک ہوئے۔

ترجمان پنجاب پبلک سروس کمیشن نے بتایا کہ پی پی ایس سی کے زیر اہتمام 30 اور 31 اگست کو ہونے والے انسپکٹر لیگل پنجاب پولیس اور دیگر محکموں کے امتحانات مؤخر کردیے گئے ہیں، سیلابی صورتحال کے باعث امیدواروں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا۔

پی پی ایس سی ترجمان کا کہنا تھا کہ 434 آسامیوں کے لیے لاہور میں امتحانات منعقد ہونا تھے، 8 ہزار سے زائد امیدوار امتحانات میں شرکت کرنے والے تھے، پنجاب بھر سے امیدوار امتحانات کے لیے رجسٹرڈ تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب، سکولوں کی چھٹیوں سے متعلق فیصلہ کل ہوگا

ترجمان پنجاب پبلک سروس کمیشن نے مزید بتایا کہ امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

دوسری جانب پنجاب میں سیلابی صورتحال کے باعث سکولوں کی تعطیلات میں اضافہ سے متعلق فیصلہ کل بروز جمعہ کو کیا جائے گا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر اجلاس میں سیلابی صورتحال پر سکولوں کے حوالے سے اہم اعلان کریں گے، ڈیزاسٹر رِسک ریڈکشن ورکنگ گروپ کے اہم اجلاس میں زمینی حقائق پر مبنی حکمتِ عملی طے ہو گی۔