
تیز بہاؤ کے پیش نظر نارووال شکرگڑھ روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی آبی جارحیت کے باعث دریائے راوی میں کوٹ نیناں کے مقام پر ڈھائی لاکھ کیوسک سے زائد کا ریلہ گزر رہا ہے، جس نے بھیکو چک کے قریب حفاظتی بند کو نقصان پہنچایا۔ نتیجتاً بھیکو چک، نوشہرہ، نوگزہ کرتارپور، منڈی خیل اور بھجنہ کے علاقے مکمل طور پر زیر آب آ گئے ہیں۔
محکمہ آبپاشی کے مطابق دریائے چناب اور راوی دونوں میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد 7 لاکھ 69 ہزار کیوسک اور اخراج 7 لاکھ 62 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ خانکی کے مقام پر بھی 7 لاکھ 5 ہزار کیوسک کا دباؤ جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مون سون کے 8ویں اسپیل کا آغاز، 7 اسپیلز میں کتنی اموات ہوئیں؟
دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے جبکہ شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 72 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے۔ اسی طرح بلوکی ہیڈورکس پر پانی کی آمد 79 ہزار اور اخراج 67 ہزار کیوسک ہے۔ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر بہاؤ 2 لاکھ 45 ہزار جبکہ سلیمانکی میں ایک لاکھ کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے۔
ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہوں اور دریاؤں کے قریب جانے سے گریز کریں تاکہ کسی بڑے جانی نقصان سے بچا جا سکے۔