عمران خان کی جانب سے محمود اچکزئی اپوزیشن لیڈر نامزد، پارٹی کی مخالفت
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت نے عمران خان کی جانب سے پشتونخوا ملی پارٹی کے سربراہ محمود اچکزئی کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نامزد کرنے کے فیصلے کی مخالفت کردی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت نے عمران خان کی جانب سے پشتونخوا ملی پارٹی کے سربراہ محمود اچکزئی کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نامزد کرنے کے فیصلے کی مخالفت کردی۔

ذرائع کے مطابق سربراہ پشتونخوا ملی پارٹی محمود خان اچکزئی نے نیا عہدہ لینے سے پہلے تمام اپوزیشن جماعتوں سے رابطہ کر لیا، تحریک تحفظ آئین کی تمام جماعتوں نے محمود خان اچکزئی کے عہدہ لینے کی حمایت کر دی۔

ذرائع کی جانب سے بتایا گیا کہ علامہ راجہ ناصر عباس، مصطفی نواز کھوکھر، اختر مینگل اور جی ڈی اے نے محمود اچکزئی کو باقاعدہ حمایت کی یقین دہانی کروا دی، محمود خان اچکزئی کے نام پر جمعیت علمائے اسلام (ف) نے بھی کوئی اعتراض نہیں کیا۔

ذرائع کے مطابق شبلی فراز اور عمر ایوب کی نااہلی کے عدالتی فیصلے کے بعد اپوزیشن کی جانب سے قائد حزب اختلاف کے لیے باقاعدہ حکومت کو نام بھجوایا جائے گا، محمود خان اچکزئی کو تاحال پی ٹی آئی نے اپنا باقاعدہ امیدوار نامزد نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیں: محمود خان اچکزئی قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نامزد

پی ٹی آئی ذرائع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ محمود خان اچکزئی کو بانی تحریک انصاف عمران خان نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی کے لیے امیدوار نامزد کیا لیکن پارٹی نے مخالفت کی، پی ٹی آئی محمود خان اچکزئی کی بجائے اپنی پارٹی کے کسی شخص کو اپوزیشن لیڈر بنوانے کے لیے متحرک ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں جیل میں پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان نے تحریک تحفظ آئین کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نامزد کرنے کی منظوری دی تھی۔