عمران خان کی ضمانت کی اپیلوں پر فریقین کو دستاویز جمع کرانیکی ہدایت
 سپریم کورٹ آف پاکستان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی کے مقدمات میں ضمانت کی اپیلوں پر فریقین کو آج ہی دستاویزات جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی کے مقدمات میں ضمانت کی اپیلوں پر فریقین کو آج ہی دستاویزات جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے پیٹرن انچیف پی ٹی آئی عمران خان کی نو مئی کے مقدمات میں ضمانت کی اپیلوں پر سماعت کی۔

درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر جبکہ اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی عدالت میں پیش ہوئے ، بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان بھی عدالت میں موجود تھیں۔

دوران سماعت چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے وکیل صفائی بیرسٹر سلمان صفدر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نےگزشتہ روز دستاویزات جمع کروائےتھے،کل ساڑھے 10 بجے تک دستاویزات کو دیکھ لیتے ہیں، آخر ہمیں بھی تو دستاویزات کو پڑھنا ہے ناں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان و بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت ملتوی

چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ آپ نے کچھ دستاویزات جمع کروائے ہیں، میں ان کو دیکھ نہیں سکا، ایسا کرتے ہیں کیس کی سماعت کل صبح ساڑھے 11 بجے تک ملتوی کردیتے ہیں۔

وکیل صفائی بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ چند فیصلوں کے حوالے سے دستاویزات جمع کروائے ہیں جس پر چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جس فریق نے کوئی بھی دستاویزات جمع کرانے ہیں وہ آج ہی کرادے، پراسیکیوشن بھی ملزم کی جمع دستاویزات کا جائزہ لے لے۔

بعد ازاں عدالت عظمیٰ نے بانی پی ٹی آئی کی ضمانت پر اپیلوں پر مزید سماعت کل بروز بدھ تک ملتوی کردی۔