
ایوان صدر میں سول و عسکری شخصیات کو اعلیٰ اعزازات دینےکی تقریب منعقد ہوئی جس میں صدرآصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف ، فیلڈ مارشل عاصم منیر ، ایئر چیف و دیگر اعلیٰ سول و عسکری قیادت نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران فیلڈمارشل و آرمی چیف سید عاصم منیرکوہلال جرات سے نوازا گیا، بھارت کے خلاف جنگ کے دوران فیلڈمارشل سید عاصم منیر نے انتہائی مشکل حالات میں فوج کی بہترین قیادت کی جس پر انہیں ہلال جرات عطا کیا گیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزاکو نشان امتیاز عطا کیا گیا، ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو ہلال جرات سے نوازا گیا،ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے فضائی جنگ میں دشمن کی برتری کو خاک میں ملایا۔
چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف کو نشان امتیاز عطا کیا گیا،نیول چیف نے پاکستان کی بحری سرحدوں کی حفاظت کو یقینی بنایا۔
تقریب میں نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار کو سفارتی سطح پر پاکستان کا مقدمہ بھرپور اندازمیں لڑنے پر نشان امتیاز سے نوازا گیا،بھارت کی بلااشتعال جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر وزیر دفاع خواجہ آصف کو نشان امتیاز سے نوازا گیا، سندھ طاس معاہدے پر بھرپورمؤقف اپنانے پر وفاقی وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ کو بھی نشان امتیاز عطا کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب گرین ٹریکٹر اسکیم، درخواست دینے کا طریقہ جانیے
معرکہ حق میں اطلاعات کی بہترین ترسیل پر وزیر اطلاعات عطاتارڑ کو نشان امتیاز سے نوازا گیا، داخلی محاذ پر بہترین یکجہتی اور امن و امان قائم رکھنے پر وزیر داخلہ محسن نقوی کو نشان امتیاز سے نوازا گیا، تذویراتی سطح پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنےپر وزیرمنصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کو بھی نشان امتیاز سے نوازا گیا۔
پاکستان کا مؤقف عالمی سطح پر اجاگر کرنے پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کو نشان امتیاز سے نوازا گیا، بلاول بھٹو نے بھارت کی مکارانہ سازشوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا، قومی اتفاق رائے اور سیاسی ہم آہنگی قائم کرنےمیں اہم کردار پر معاون خصوصی راناثنااللہ کو نشان امتیاز عطا کیا گیا۔
وزیراعظم کے تشکیل دیئےگئےسفارتی وفد کے ارکان سیدطارق فاطمی ،سینیٹرشیری رحمان، سینیٹرفیصل سبزواری ،سینیٹربشریٰ انجم ،حناربانی کھر، خرم دستگیرخان ،سفیرعمومی برائے اقتصادی امور عمر فاروق اورجلیل عباس جیلانی کو ہلال امتیاز سے نوازا گیا۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیراحدچیمہ ،مشیروزیراعظم ڈاکٹر سید توقیرحسین شاہ ،اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان ، ڈی جی انٹیلی جنس بیورو فواد اسد اللہ خان کو ہلال امتیاز جبکہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید کو ہلال امتیازملٹری سے نوازا گیا۔
ونگ کمانڈربلال رضا ،ونگ کمانڈر حماد بن مسعود،سکوارڈن لیڈر محمد یوسف خان ،سکوارڈن لیڈر محمد اسامہ اشفاق ،سکوارڈن لیڈر محمدحسن انیس ،سکوارڈن لیڈر طلال حسن اور سکوارڈن لیڈر فدا محمدخان کو ستارہ جرات عطا کیا گیا۔