
ڈی جی پاکستان پوسٹ سمیع اللہ خان کی خصوصی ہدایت پر ملک کے تمام اہم شہروں، بشمول جڑواں شہر اسلام آباد و راولپنڈی، مری، لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں جنرل پوسٹ آفسز (جی پی اوز) کی عمارات کو قومی پرچموں اور برقی قمقموں سے مزین کیا گیا ہے۔ یہ خوبصورت سجاوٹ نہ صرف عوام کو یوم آزادی کی یاد دلاتی ہے بلکہ قومی یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبے کو بھی فروغ دیتی ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آپریشنز، مقصود احمد کے مطابق اس یادگاری ٹکٹ میں یوم آزادی کے ساتھ ساتھ معرکہ حق میں پاک فوج کی کامیابیوں کو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔ ڈیزائن میں قومی پرچم کے رنگ، دفاعی قوت کی علامت تصاویری خاکے اور جنگ میں حاصل کی گئی فتوحات کی جھلک شامل ہے۔ یہ اقدام ایک پیغام ہے کہ پاکستان کی آزادی اور سلامتی کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے 87 فیصد ریلوے ٹریک زائد المیعاد ہونے کا انکشاف
مقصود احمد نے مزید بتایا کہ یہ خصوصی یادگاری ٹکٹ ملک بھر کے تمام جی پی اوز اور پوسٹ آفسز پر دستیاب ہوگا تاکہ عوام بآسانی اسے خرید سکیں۔ شوقین اور کلیکشن رکھنے والے افراد کے لیے یہ ٹکٹ ایک قیمتی اضافہ ثابت ہوگا۔
اس موقع پر پاکستان پوسٹ نے ملک بھر میں تقریبات کا بھی اہتمام کیا ہے، جن میں پرچم کشائی کی تقریبات، ملی نغموں کے مقابلے اور آزادی کے موضوع پر تصویری نمائشیں شامل ہیں۔ شہریوں کی بڑی تعداد ان تقریبات میں شرکت کر رہی ہے، اور یہ تمام سرگرمیاں حب الوطنی کے جذبے کو مزید اجاگر کر رہی ہیں۔
یادگاری ٹکٹ جاری کرنے کا یہ سلسلہ پاکستان پوسٹ کی ایک روایتی پہچان ہے، جس کے ذریعے ہر سال قومی مواقع اور اہم تاریخی واقعات کو ڈاک ٹکٹوں پر محفوظ کر کے تاریخ کا حصہ بنایا جاتا ہے۔ اس سال کا ٹکٹ نہ صرف یوم آزادی کی خوشیوں کا عکاس ہے بلکہ پاک فوج کی شجاعت اور قوم کی قربانیوں کا بھی آئینہ دار ہے۔