تحریک انصاف کے 9 اراکین اسمبلی نااہل قرار، نوٹیفکیشن جاری
 الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے 11 اراکین اسمبلی کو نااہل قرار دے دیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے 9 اراکین اسمبلی کو نااہل قرار دے دیا۔

الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کی نااہلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا، نااہل قرار دیے جانے والوں میں 5 اراکین قومی اسمبلی، 3 اراکین صوبائی اسمبلی اور ایک سینیٹر شامل ہیں۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کو انسداد دہشتگردی عدالت فیصل آباد کے فیصلوں کی روشنی میں نااہل قرار دیا گیا ہے، عدالت کی جانب سے اپوزیشن لیڈر سینیٹ شبلی فراز، اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب اور زرتاج گل سمیت 11 ارکان کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ عدالتی فیصلے کے مطابق تمام ارکان کو قید کی سزا ہو چکی ہے، پی ٹی آئی رہنماؤں شبلی فراز اور عمر ایوب کی سینیٹ و قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کردی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حساس ادارے پر حملہ کیس میں پی ٹی آئی قیادت کو 10،10 سال قید

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ رائے حیدر علی، حامد رضا، حسن نواز اور انصار اقبال کو بھی نااہل قرار دیا جاتا ہے، زرتاج گل، جنید افضل ساہی، مرتضیٰ اقبال اور دیگر بھی نااہل ہو گئے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کو آئین کے آرٹیکل 63 ون ایچ کے تحت نااہل اور ان کی اسمبلی کی نشستیں خالی قرار دے دی گئی ہیں، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام ارکان کو ڈی نوٹیفائی کر دیا جبکہ ان کی نشستیں اب خالی قرار دے دی گئی ہیں۔