خیبرپختونخوا: ثانیہ نشتر کی خالی نشست پر سینیٹ الیکشن، مشال یوسفزئی فاتح قرار
 خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی خالی ہونے والی نشست پر حکومتی حمایت یافتہ امیدوار مشال یوسفزئی سینیٹر منتخب ہو گئیں۔
فائل فوٹو
پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی خالی ہونے والی نشست پر حکومتی حمایت یافتہ امیدوار مشال یوسفزئی سینیٹر منتخب ہو گئیں۔

خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن کیلئے ووٹنگ کے بعد گنتی کا عمل مکمل ہو گیا، ریٹرننگ آفیسر نے فارم 58 جاری کر دیا۔

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق صوبائی حکومت کی حمایت یافتہ امیدوار مشال یوسفزئی نے 86 ووٹ لے کر میدان مار لیا جبکہ مہتاب ظفر 53 اور صائمہ خالد صرف ایک ووٹ لے سکیں، ایوان میں کاسٹ کیے گئے ووٹوں میں سے 2 ووٹ مسترد ہوئے۔

نو منتخب سینیٹر مشال یوسفزئی نے اپنی کامیابی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر منتخب ہونا میرے لیے باعث اعزاز ہے، اس کامیابی پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی مشکور ہوں۔

بعدازاں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نومنتخب سینیٹر مشال یوسفزئی کا کہنا تھا کہ کہ صوبائی اراکین اسمبلی نے مجھے نہیں بانی کے نظریئے کو ووٹ دیا، یہ میری نہیں نظریہ بانی کی فتح ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج خیبرپختونخوا نے اتحاد کا مظاہرہ کیا، وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور سمیت آج سب میرے شانہ بشانہ کھڑے تھے، مجموعی ووٹوں میں سے ہمارے تین ووٹ مسترد ہوئے، ہمارا کوئی بھی ووٹ اپوزیشن کو نہیں ملا۔

یہ بھی پڑھیں: بجلی صارفین کے خراب میٹرز مفت تبدیل کرنے کا فیصلہ

ایک سوال کے جواب میں نومنتخب سینیٹر مشال یوسفزئی کا کہنا تھا کہ گزشتہ پانچ ماہ سے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہیں ہوسکی۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے خواتین کی نشست پر مشال یوسفزئی کو ٹکٹ جاری کیا تھا اور قیادت کی جانب سے پارٹی کے دیگر امیدواروں کو ان کے حق میں دستبردار ہونے کی ہدایت کی گئی تھی تاہم پی ٹی آئی رہنما صائمہ خالد نے سینیٹ انتخاب سے دستبردار نہ ہونے کا فیصلہ کیا تھا اور اپنے تحفظات سے متعلق پارٹی قیادت کو آگاہ کر دیا تھا۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کی امیدوار راحیلہ بی بی لیگی امیدوار کے حق میں دستبردار ہو گئی تھیں اور انہوں نے الیکشن سے دستبرداری کے لیے ریٹرننگ آفیسر کو خط لکھ کر کہا تھا کہ وہ سینیٹ الیکشن میں مسلم لیگ(ن) کا ساتھ دیں گی۔ 

         
ضرور پڑھیں