
ذرائع کے مطابق اڈیالہ میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے دوران جب بانی پی ٹی آئی سے ان کے بیٹوں کے پاکستان آنے سے متعلق سوال پوچھا گیا تو سابق وزیراعظم نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ قاسم اور سلیمان پاکستان نہیں آرہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے سنو نیوز سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کے بیٹوں کے پاکستان نہ آنے کی خبروں کی تردید کردی۔
شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ بانی تحریک انصاف نے اپنے بیٹوں قاسم اور سلیمان کو پاکستان آنے سے نہیں روکا ، قاسم اور سلیمان نے بانی تحریک انصاف سے پاکستان آنے کی اجازت نہیں مانگی وہ اپنی مرضی سے آئیں گے۔
سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پہلے جب بانی پی ٹی آئی کو قاسم اور سلیمان نے پاکستان آنے کا کہا تو وہ مسکرائے تھے ، قاسم اور سلیمان پاکستان آئیں گے لیکن کب آئیں گے اس کا فیصلہ انہوں نے خود کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے رکن قومی اسمبلی عبداللطیف چترالی کو نااہل قرار دیدیا
پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ قاسم اور سلیمان اپنے والد سے ملاقات کی خواہش رکھتے ہیں جو ان کا حق ہے ، عمران خان صاحب کے بچوں کے حوالے سے میڈیا پر جو خبریں گردش کر رہی ہیں وہ بالکل غلط ہیں، بانی پی ٹی آئی نے اپنے بچوں کو پاکستان انے سے قطعا نہیں روکا ہے۔
دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف نے عمران خان کے بیٹوں کے پاکستان نہ آنے کی خبروں پر ردعمل میں کہا کہ بہت سے ڈراموں میں سے یہ بھی ایک ڈرامہ تھا، مقصد والد اور اولاد کی ملاقات نہیں بلکہ سیاسی منافع تھا۔
خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ بانی کی کوئی بھی موو بغیر سیاسی یا مالی منافع کے نہیں ہوتی، ورکر اور ان کے بچے عمران خان کی اقتدار کی ہوس و خواہشات کی تکمیل کے لیے استعمال ہوں گے۔