
الیکشن کمیشن نے آئین کے آرٹیکل 63(1)ایچ کے تحت عبداللطیف چترالی کو نااہل قرار دیتے ہوئے این اے ون کی نشست خالی قرار دے دی، عبداللطیف چترالی کو 9 مئی واقعات میں سزا یافتہ ہونے پر نا اہل کیا گیا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آج عبداللطیف چترالی کے نااہلی کے کیس پر فیصلہ محفوظ کیاتھا۔
قبل ازیں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے 5 رکنی بنچ نے عبداللطیف چترالی کی نااہلی کے کیس کی سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ہی الیکشن کمیشن نے سینیٹر اعجاز چودھری، احمد خان بھچر اور احمد چٹھہ کو عدالت کی جانب سے مجرم قرار دیے جانے اور سزائیں سنائے جانے کے بعد نااہل قرار دیا تھا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے تینوں نشستوں کو خالی قرار دیتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا تھا ،ان خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے شیڈول کا اعلان آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔