لاہور میں جدید الیکٹرک ٹرام کا روٹ سامنے آگیا
electric tram Lahore
فائیل فوٹو
لاہور (ویب ڈیسک) لاہور میں جدید ترین الیکٹرک ٹرام سسٹم کا منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے جو خودکار آٹو نیویگیشن اور سینسر بیسڈ گائیڈنس جیسی جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔

تفصیلات کے مطابق اس انقلابی ٹرام سروس کو ابتدائی مرحلے میں ڈرائیور کی نگرانی میں مینول موڈ پر چلایا جائے گا۔ پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی کی صورت میں مستقبل میں مکمل خودکار (self-driving) سسٹم مرحلہ وار متعارف کروایا جائے گا۔

حکومت کی منظوری، بنیادی ڈھانچے اور حفاظتی نظام کی تیاری کے بعد مکمل خودکار نظام ممکن بنایا جا سکے گا۔ عوام کے لیے بڑی خوشخبری یہ ہے کہ پائلٹ مرحلے میں یہ سروس مفت فراہم کی جائے گی۔

مزیدبرآں پہلی الیکٹرک ٹرام چین سے درآمد کی گئی ہے اور اس وقت علی ٹاؤن ڈیپو میں اس کی اسمبلنگ جاری ہے۔ جدید ٹرام ریل پٹڑی کے بغیر چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور صرف 10 منٹ کی چارجنگ پر 25 سے 27 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر سکتی ہے۔

پہلا روٹ ٹھوکر نیاز بیگ سے ہربنس پورہ تک، کینال روڈ پر پائلٹ سروس کا آغاز کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: میٹرو بس نے اپنے ہی گارڈ کی جان لے لی

ایک ٹرام میں 250 سے زائد مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ یہ ٹرام ایندھن سے پاک، ماحول دوست اور کم شور والی جدید سفری سہولت فراہم کرے گی۔

یادرہے کہ ٹرام میں مسافروں کی سہولت کے لیے Wi-Fi، CCTV، ایئر کنڈیشننگ، اور سمارٹ چارجنگ سسٹم بھی موجود ہیں۔

حکام کے مطابق اگر یہ پراجیکٹ کامیاب ثابت ہوتا ہے تو اس کو دیگر شہروں تک بھی وسعت دی جائے گی۔ یہ منصوبہ نہ صرف لاہور کی ٹرانسپورٹ کا منظرنامہ بدلنے کا باعث بنے گا بلکہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں بھی مثبت کردار ادا کرے گا۔