
واقعہ شہید ملت اسٹاپ کے قریب پیش آیا جہاں گارڈ محمد وسیم اپنی ڈیوٹی کے دوران ٹریک کے کنارے بیٹھا ہوا تھا۔ اس دوران میٹرو بس اسٹاپ سے روانہ ہوئی اور گارڈ کو کچلتی ہوئی گزر گئی، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ حادثہ اتنا ہولناک تھا کہ جائے وقوعہ پر موجود دیگر عملہ اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن رکن نے حکومتی رکن کو تھپڑ رسید کردیا
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے گارڈ کی لاش فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کی، جبکہ پولیس نے بس ڈرائیور محمد علی کو موقع سے گرفتار کر کے تھانہ کوہسار منتقل کر دیا۔ پولیس کے مطابق بس ڈرائیور محمد علی کی غفلت کے باعث یہ حادثہ پیش آیا، اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق گارڈ محمد وسیم راولپنڈی کا رہائشی تھا اور اس کی ڈیوٹی شہید ملت سٹاپ پر میٹرو ٹریک کی نگرانی کرنا تھی۔ اس نے کسی وجہ سے بس کے قریب بیٹھنے کا فیصلہ کیا، جو اس کے لیے جان لیوا ثابت ہوا۔
میٹرو انتظامیہ کی جانب سے واقعے پر تاحال کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا، تاہم ذرائع کے مطابق واقعے کی مکمل انکوائری کی جائے گی تاکہ آئندہ ایسے دلخراش حادثات سے بچا جا سکے۔ سوشل میڈیا پر بھی اس واقعے پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے، جہاں صارفین نے میٹرو حکام کی غفلت اور تربیت کے فقدان پر سوالات اٹھائے ہیں۔