
محکمہ ہاؤسنگ پنجاب نے سستے اور قابلِ استطاعت رہائشی منصوبوں کے حوالے سے قانون سازی کا عمل شروع کر دیا ہے تاکہ ہر شہری کو سہولیات سے بھرپور معیاری رہائش فراہم کی جا سکے۔
اس ضمن میں محکمہ ہاؤسنگ کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر کی تمام ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے قوانین اور قانونی فریم ورک کو یکساں بنایا جائے گا۔
انتظامیہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد کہ سرکاری و نجی دونوں ہاؤسنگ سکیموں میں سستے گھروں کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
نئے قوانین کے تحت تمام ہاؤسنگ سکیموں کو سماجی ذمہ داری کے تحت اپنی سکیم کے کچھ فیصد حصے کو سستے اور قابلِ استطاعت گھروں کیلئے مخصوص کرنا لازمی ہوگا۔ اس سے وہ طبقہ جو مہنگائی کے باعث رہائش حاصل کرنے سے قاصر ہے، اب بہتر اور باعزت زندگی گزار سکے گا۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت کی 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کی اسکیم کی منظوری
واضح رہے کہ یہ قانون سازی نہ صرف صوبے کے شہری علاقوں بلکہ روڈا، پھاٹا، سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اور دیگر ضلعی ڈویلپمنٹ اتھارٹیز پر بھی لاگو ہوگی۔ اس عمل کے مکمل ہونے کے بعد قوانین کا اطلاق فوری طور پر شروع کر دیا جائے گا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ قدم پنجاب حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کا حصہ ہے جو کم آمدنی والے طبقے کو بااختیار بنانے اور رہائشی بحران سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہو گا۔
دوسری جانب عوامی حلقوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے حکومت سے جلد عملی اقدامات کی امید ظاہر کی ہے۔