حکومت کی 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کی اسکیم کی منظوری
وفاقی حکومت نے ملک میں سستے گھروں کی فراہمی کے لیے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کی اسکیم کی منظوری دے دی
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے ملک میں سستے گھروں کی فراہمی کے لیے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کی اسکیم کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا جس میں متعدد اہم فیصلے کیے گئے، جن میں لو کاسٹ ہاؤسنگ اسکیم سرفہرست رہی۔

اجلاس کے دوران وفاقی وزیر خزانہ نے "مارک اپ سبسڈی رسک شیئرنگ اسکیم" کے تحت مالی معاونت کی منظوری دی۔ اس اسکیم کے تحت کم آمدنی والے افراد کو آسان شرائط پر گھر تعمیر کرنے یا خریدنے کے لیے قرضہ فراہم کیا جائے گا۔ اسکیم کا مقصد عوام کو طویل مدت کے لیے سستے گھروں کی سہولت دینا ہے، اور اس کے تحت حکومت 50 لاکھ گھروں کی تعمیر میں مالی معاونت فراہم کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: قومی بچت اسکیموں میں سرمایہ کاری کرنیوالواں کیلئے اہم خبر

وزارت خزانہ کے مطابق، مجوزہ اسکیم کے تحت اہل افراد کو 20 سے 35 لاکھ روپے تک کا قرضہ فراہم کیا جائے گا، جو 20 سال کی مدت میں آسان اقساط پر واپس کیا جا سکے گا۔ اس قرض پر حکومت سبسڈی بھی دے گی تاکہ عام شہریوں پر مالی بوجھ کم ہو۔ اس کے علاوہ وزیر خزانہ نے وزارت ہاؤسنگ کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر ایک جامع ڈیٹا بیس تیار کرے، تاکہ اس اسکیم کے مستحقین کی درست شناخت ممکن ہو اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

ای سی سی کے اجلاس میں دیگر اہم قومی معاملات پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا گیا کہ عالمی سطح پر قیمتیں کم ہونے کے باوجود عوام کو اس کا فائدہ مکمل طور پر منتقل نہیں کیا جا رہا۔ متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ قیمتوں میں کمی کے لیے موثر اقدامات کریں۔

اجلاس میں شپ بریکنگ اور ری سائیکلنگ انڈسٹری کو باقاعدہ صنعت کا درجہ دینے کی منظوری بھی دی گئی۔ اس فیصلے کا مقصد اس شعبے کو ترقی دینا، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور صنعتی بنیاد کو وسعت دینا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات ملکی معیشت کو مضبوط بنانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔