قومی بچت اسکیموں میں سرمایہ کاری کرنیوالواں کیلئے اہم خبر
حکومت نے مختلف بچت اسکیموں کی شرح منافع میں کمی کا اعلان کر دیا
حکومت نے مختلف بچت اسکیموں کی شرح منافع میں کمی کا اعلان کیا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) قومی بچت اسکیموں میں سرمایہ کاری کرنے والے افراد کے لیے ایک اہم خبر سامنے آئی ہے۔ حکومت نے مختلف بچت اسکیموں کی شرح منافع میں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔

وزارت خزانہ نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے، جس میں ان بچت اسکیموں کی تفصیلات دی گئی ہیں جن پر منافع کی شرح کم کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سپیشل سیونگ سرٹیفکیٹ، سپیشل سیونگ اکاؤنٹ اور ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹ کی سالانہ شرح منافع میں کمی کی گئی ہے۔ اسی طرح ریگولر انکم سرٹیفکیٹ، بہبود سیونگ سرٹیفکیٹ، پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹ، شہداء فیملی ویلفیئر اکاؤنٹ اور شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹ پر بھی اب پہلے کے مقابلے میں کم منافع حاصل ہوگا۔

سپیشل سیونگ سرٹیفکیٹ اور اکاؤنٹ کی شرح منافع 10.6 فیصد سے کم کر کے 10.4 فیصد کر دی گئی ہے، جب کہ بہبود سیونگ سرٹیفکیٹ، پنشنرز بینیفٹ اور شہداء فیملیز کے لیے منافع کی شرح 13.20 فیصد سے کم کر کے 12.96 فیصد مقرر کی گئی ہے۔ یہ کٹوتی ان افراد کو براہِ راست متاثر کرے گی جو ان اسکیموں کو اپنی ریٹائرمنٹ یا ماہانہ آمدن کا ذریعہ بنائے ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:نادرا کا شناختی کارڈ بنوانے والوں کیلئے بڑا اعلان

ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹ کے حوالے سے بھی نمایاں تبدیلی کی گئی ہے۔ نو سال مکمل کرنے پر دی جانے والی مجموعی منافع کی شرح 162 فیصد سے کم کر کے 161 فیصد کر دی گئی ہے، جب کہ دسویں سال کی تکمیل پر اب سرمایہ کاروں کو 204 فیصد کی بجائے 200 فیصد منافع ملے گا۔

البتہ کچھ اسکیموں پر شرح منافع برقرار رکھی گئی ہے، جیسے کہ سیونگ اکاؤنٹ پر موجودہ شرح 9.50 فیصد پر قائم رہے گی۔ اس کے علاوہ سروا اسلامک ٹرم اکاؤنٹ اور اسلامک سیونگ اکاؤنٹ پر منافع کی شرح میں اضافہ کیا گیا ہے، جس کی تفصیلات نوٹیفکیشن میں شامل ہیں۔

یہ نئی شرح منافع 28 جولائی 2025 سے نافذ العمل ہو گی۔ حکومت کی جانب سے شرح منافع میں اس تبدیلی کو مالیاتی نظم و ضبط اور مارکیٹ کی صورتحال کے مطابق قرار دیا جا رہا ہے، تاہم ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے ریٹائرڈ افراد، پنشنرز اور محدود آمدنی والے شہریوں پر براہ راست اثر پڑے گا، جو اپنی بچت کو ان اسکیموں میں محفوظ سمجھتے تھے۔