
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی معروف رہنما عالیہ حمزہ، سینیئر رہنما لطیف کھوسہ اور لاہور کے صدر شیخ امتیاز کی موجودگی میں راشد بٹ نے باقاعدہ پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔
اس موقع پر عالیہ حمزہ نے راشد بٹ کی شمولیت کو ایک جرات مندانہ قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ سیاسی حالات میں پی ٹی آئی میں شامل ہونا ایک بڑی قربانی کے مترادف ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے دستخط شدہ بیٹ کی نیلامی کیلئے 10 کروڑ کی پیشکش
انہوں نے کہا کہ راشد بٹ نے صرف سیاسی وفاداری نہیں بدلی بلکہ انہوں نے نظریاتی قربانی دی ہے جو اس وقت پاکستان کے سیاسی تناظر میں ایک بڑی بات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم مظلوم ضرور ہیں مگر اب ہمیں فسطائیت سے لڑنے کا ہنر آگیا ہے۔
عالیہ حمزہ نے مزید کہا کہ ریاستی دباؤ، انتقامی کارروائیوں اور جھوٹے مقدمات کے باوجود عوام کا اعتماد عمران خان پر ہے، اور یہ عوامی نبض ہے جو ہمیں بتا رہی ہے کہ قوم کا لیڈر صرف اور صرف عمران خان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چاہے ہمیں جیلوں میں ڈالا جائے یا سزائیں دی جائیں، یہ سب حربے عوام کے دل سے عمران خان کی محبت کو نہیں نکال سکتے۔
راشد بٹ کی پی ٹی آئی میں شمولیت اہم قرار دی جا رہی ہے، کیونکہ وہ ایک سرگرم اور ووٹ حاصل کرنے والے رہنما ہیں جنہوں نے ٹی ایل پی کے پلیٹ فارم سے بڑی عوامی حمایت حاصل کی تھی۔ ان کی پی ٹی آئی میں شمولیت سے اندازہ ہوتا ہے کہ بہت سے رہنما اب عمران خان کے بیانیے کو ہی عوامی بیانیہ سمجھ رہے ہیں۔