
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے اگست میں جدید ای ٹیکسی منصوبے کا باقاعدہ آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد پبلک ٹرانسپورٹ کو ماحول دوست، جدید اور قابلِ رسائی بنانا ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے منصوبے پر تمام ورکنگ مکمل کر لی گئی ہے، جس میں خواتین کیلئے 30 ای ٹیکسیوں کا خصوصی کوٹہ بھی مختص کیا گیا ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا ہے کہ ای ٹیکسی اسکیم کیلئے آن لائن درخواستوں کی وصولی کا پورٹل پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کے تعاون سے تیار کیا جا رہا ہے۔ اس اسکیم کے تحت 9 کمپنیاں بلاسود اور آسان اقساط پر ای ٹیکسیز کی فراہمی کیلئے شارٹ لسٹ کی گئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ابتدائی پائلٹ پراجیکٹ میں 1100 ای ٹیکسیز تقسیم کی جائیں گی جن میں سے 1000 گاڑیاں فلیٹ اونرز کو دی جائیں گی۔ ہر فلیٹ اونر کو کم از کم 10 گاڑیاں لینا لازم ہوگا، جبکہ 100 گاڑیاں انفرادی سطح پر دی جائیں گی جن میں 30 خواتین کیلئے مختص کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور میں جدید ٹریک لیس ٹرام کا منصوبہ شروع
پنجاب حکومت اس منصوبے کے تحت گاڑیوں کا مارک اپ، ٹوکن ٹیکس اور رجسٹریشن فیس خود ادا کرے گی۔ انفرادی درخواست گزاروں کیلئے مردوں کو 30 فیصد جبکہ خواتین کو 40 فیصد ڈاؤن پیمنٹ کرنا ہوگی، باقی رقم بینک آف پنجاب ادا کرے گا۔
شارٹ لسٹ کی گئی کمپنیاں نہ صرف گاڑیاں فراہم کریں گی بلکہ سروس سینٹرز، چارجنگ پوائنٹس اور اسپئیر پارٹس کی سہولت بھی مہیا کریں گی۔
خیال رہے کہ یہ منصوبہ نہ صرف روزگار کے مواقع فراہم کرے گا بلکہ پنجاب کو الیکٹرک ٹرانسپورٹ کی جانب ایک بڑا قدم بھی ثابت ہوگا۔