
یہ جدید ٹریک لیس ٹرام مکمل طور پر گرین انرجی پر مبنی ہوگی، جو ماحول دوست اور توانائی کے بچاؤ کی نئی مثال قائم کرے گی۔
ذرائع کے مطابق ٹرام کے تمام پرزے چین سے کراچی پہنچ چکے ہیں اور اب لاہور روانگی جاری ہے۔ اس جدید الیکٹرک ٹرام کو لاہور میں علی ٹاؤن اورنج لائن یارڈ میں اسمبل کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت اس ٹرام کو کینال روڈ پر ٹھوکر نیاز بیگ سے جلو تک چلایا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس منصوبے میں نہ کسی نئی لین کی ضرورت ہے اور نہ ہی درختوں کی کٹائی کی جائے گی۔
حکام کے مطابق یہ مکمل ماحول دوست سسٹم ہوگا، جس میں بیٹری سے چلنے والی ہائی برڈ الیکٹرک ٹرین استعمال کی جائے گی۔ ٹرین کی لمبائی 32 میٹر ہو گی اور اس میں ایک وقت میں 300 مسافروں کے سفر کی گنجائش ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:کراچی: خاتون کے ہاں بیک وقت پانچ بچوں کی پیدائش
صرف 10 منٹ کے چارج پر یہ ٹرام 25 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر سکتی ہے، جو اسے شہری ٹرانسپورٹ کیلئے ایک مؤثر اور جدید حل بناتی ہے۔ ٹرام کی فٹنس پر کام جاری ہے اور اس میں بیٹریاں نصب کی جا رہی ہیں۔
اس جدید ٹرانسپورٹ منصوبے کا افتتاح وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کریں گی، جس سے لاہور میں شہری سفری سہولیات کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔