
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق مسافر بس راولپنڈی سے لاہور جارہی تھی، چکری کے مقام پر تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر الٹ گئی۔
موٹروے پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ چکری بس حادثے میں 5 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 8 زخمیوں کو اسلام آباد کے پمز ہسپتال، 22 کو ڈسڑکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال اور 6 کو ڈسڑکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال راولپنڈی منتقل کردیا گیا جہاں ان کا علاج معالجہ جاری ہے۔
ادھر شکر گڑھ میں تیز رفتار بس نے موٹرسائیکل سواروں کو کچل دیا جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل پر سوار ایک خاتون جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو اہلکاروں کے مطابق لاش اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جاں بحق خاتون اور زخمیوں کا تعلق نواحی گاؤں کالو پڈا سے ہے ۔
یاد رہے کہ آج صبح پنجاب کے ضلع بہاولپور کی تحصیل حاصل پور میں بھی خوفناک حادثہ ہوا تھا، تیز رفتار مسافر بس اور کار کے درمیان ہونے والے تصادم میں کمسن بچے سمیت ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: حاصل پور میں اندوہناک حادثہ، ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق
ریسکیو ذرائع کے مطابق حاصل پور بس تصادم میں جاں بحق ہونے والوں میں سردار محمد، ان کی اہلیہ عقیلہ بی بی، بیٹی ماہ نور، بھائی آصف نوید، بیٹا باسط نوید اور ایک کمسن بچہ شامل تھے۔ واقعے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔
شہریوں نے مطالبہ کیا کہ موٹروے پر حفاظتی تدابیر کو مزید مؤثر بنایا جائے اور تیز رفتاری کے خلاف سخت قوانین کا نفاذ کیا جائے تاکہ مزید قیمتی جانوں کا ضیاع نہ ہو، ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لئے حکومت اور متعلقہ اداروں کو فوری اور عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔