
تیز رفتار مسافر بس اور کار کے درمیان ہونے والے تصادم میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق کار میں سوار خاندان کہیں جا رہا تھا کہ اچانک سامنے سے آنے والی مسافر بس نے ٹکر مار دی، جس سے کار مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ حادثے کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ 2 زخمی اسپتال لے جاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔ ایک کمسن بچہ بہاولپور منتقل کرتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں سردار محمد، ان کی اہلیہ عقیلہ بی بی، بیٹی ماہ نور، بھائی آصف نوید، بیٹا باسط نوید اور ایک معصوم بچہ شامل ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیں:لکی مروت: سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 3 دہشتگرد ہلاک
حادثے میں شدید زخمی ہونے والے مزید 3 افراد کو انتہائی تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے بس کو تحویل میں لے کر ڈرائیور کیخلاف کارروائی شروع کر دی ہے، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب علاقہ مکینوں کی جانب سے حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ حادثے میں جاں بحق خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔