
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی خفیہ معلومات کی بنیاد پر لکی مروت کے علاقے سرائے نورنگ کے قریب بھٹنی نہر پر کچی سڑک کے مقام پر کی گئی۔ سی ٹی ڈی بنوں نے یہ آپریشن مقامی پولیس کے ساتھ مل کر انجام دیا۔ کارروائی کے دوران دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ تقریباً 25 منٹ تک جاری رہا، جس کے نتیجے میں ٹی ٹی پی کے تین اہم دہشت گرد مارے گئے۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت وسیم اللہ عرف عمر خطاب، قدرت اللہ عرف ابو بکر، اور ہجرت اللہ عرف ہجرت کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ترجمان کے مطابق یہ تینوں دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔
یہ بھی پڑھیں: یوم عاشور پر حساس علاقوں میں موبائل سروس بند رہے گی
سی ٹی ڈی نے انکشاف کیا ہے کہ ہلاک دہشت گرد لائین ہیڈ کانسٹیبل وحید اللہ، ٹریفک کانسٹیبل انور شیر، اور کانسٹیبل ادریس کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ علاوہ ازیں، ان پر پولیس پر حملوں، آئی ای ڈی (بم) دھماکوں اور دیگر دہشت گرد کارروائیوں میں بھی ملوث ہونے کے الزامات تھے۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے تین عدد کلاشنکوف، 9 عدد میگزین، اور 212 عدد کارتوس برآمد کیے گئے ہیں۔ برآمد شدہ اسلحہ کو قبضے میں لے کر فرانزک تجزیے کے لیے بھیج دیا گیا ہے تاکہ مزید شواہد اکٹھے کیے جا سکیں۔
سی ٹی ڈی ترجمان نے اس کامیاب کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز جاری رہیں گے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر ٹارگٹڈ آپریشنز جاری رہیں گے۔