
پی ڈی ایم اے (پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق مختلف علاقوں میں پیش آنے والے حادثات میں مجموعی طور پر 5 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک مرد، دو خواتین اور دو کمسن بچے شامل ہیں، جب کہ زخمی ہونے والے شخص میں بھی ایک بچہ شامل ہے۔ متاثرہ علاقوں میں بونیر، ملاکنڈ اور مانسہرہ شامل ہیں، جہاں تیز بارشوں کے باعث زمین کھسکنے، دیوار گرنے اور ندی نالوں میں طغیانی جیسے واقعات رونما ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: تربیلا ڈیم بھرگیا، سپل وے کھول دئیے گئے
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث ایک گھر مکمل طور پر منہدم ہو گیا، جس سے متاثرہ خاندان کو شدید نقصان پہنچا۔ اتھارٹی نے ضلعی انتظامیہ کو فوری طور پر امدادی سرگرمیاں تیز کرنے، متاثرہ خاندانوں کو خوراک، شیلٹر اور ضروری طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ملک میں مون سون کے حالیہ سلسلے کے تحت بارشوں کا یہ زور 11 جولائی تک برقرار رہنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور دیگر ایمرجنسی اداروں کو پیشگی اقدامات کرنے، خطرناک مقامات پر نگرانی بڑھانے، اور نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
ماہرین موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز میں مزید بارشیں متوقع ہیں، جس سے ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات موجود ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے اپنی اور دوسروں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔
پی ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں ہیلپ لائن سے فوری رابطہ کریں تاکہ بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔