مظفرگڑھ: بس اور ٹریلر میں خوفناک تصادم، 6 افراد جاں بحق، 18 زخمی
مظفرگڑھ کے علاقے لنگر سرائے میں بس اور ٹریلر میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 18 زخمی ہوگئے
مظفرگڑھ کے نواحی علاقے لنگر سرائے میں ایک مسافر بس اور ٹریلر کے درمیان خوفناک تصادم ہوا/ فائل فوٹو
(سنو نیوز) مظفرگڑھ کے نواحی علاقے لنگر سرائے میں افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جس میں ایک مسافر بس اور ٹریلر کے درمیان شدید تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 18 دیگر زخمی ہو گئے۔

حادثے کے بعد ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔ زخمیوں میں سے 8 کو نازک حالت میں ملتان کے نشتر اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ دیگر 10 زخمی مظفرگڑھ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں دو مرد، دو خواتین اور دو بچے شامل ہیں، جب کہ بس کا ڈرائیور بھی موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یوم عاشور پر حساس علاقوں میں موبائل سروس بند رہے گی

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او)، ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر (ڈی ٹی او)، ڈی ایس پی اور متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او موقع پر نفری کے ہمراہ پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے، تاہم ابتدائی طور پر تیز رفتاری اور ممکنہ بریک فیل ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ جائے وقوعہ پر دونوں گاڑیوں کو کرین کے ذریعے ہٹایا گیا تاکہ ٹریفک کی روانی بحال کی جا سکے۔

عینی شاہدین کے مطابق بس ڈرائیور نے ایک دم سامنے آنے والے ٹریلر سے بچنے کی کوشش کی، لیکن فاصلہ کم ہونے کی وجہ سے تصادم ٹالنا ممکن نہ تھا۔ شہریوں نے حادثے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قومی شاہراہوں پر ٹریفک قوانین کو سختی سے نافذ کیا جائے تاکہ قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔