مخالفین ہمارے تین ارکان بھی نہیں توڑ سکتے: جنید اکبر
Junaid Akbar statement about Negotiations
فائل فوٹو
اسلام آباد (ویب ڈیسک) صدر پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) خیبرپختونخوا جنید اکبر نے کہا ہے کہ مخالفین کا دعویٰ ہے کہ ہمارے 35 ارکان ان کے ساتھ ہیں، میں انہیں چیلنج کرتا ہوں کہ ہمارے 3 ارکان بھی توڑ کر دکھائیں۔

تفصیلات کے مطابق نجی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردارعلی امین گنڈا پور کے بعد جنید اکبر نے بھی خیبرپختونخوا حکومت کے متعلق چلینج دیا اور کہا کہ مخالفین 35 ارکان کی بات کرتے ہیں، میں چیلنج کرتا ہوں کہ وہ ہمارے 3 ارکان بھی نہیں توڑ سکتے۔

جنید اکبر کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پہلے بھی بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا تھا اور اب بھی انہی کا ہی ہے۔

مذاکرات سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ہمیں مذاکرات سے کبھی نہیں روکا۔ سیاست تو نام ہی مذاکرات کا ہے، اس سے قبل بھی ہم مذاکرات کیلئے تیار تھے، اب بھی تیارہیں اور آئندہ بھی تیار رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان سے کسی کو بھی ملاقات کی اجازت نہ ملی

صدر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبرپختونخوا نے کہا کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ مذاکرات کے نام پر کوئی بتی کے پیچھے لگائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بے مقصد مذاکرات نہیں ہونے چاہییں اور نہ ہی ان سے مذاکرات ہونے چاہییں جو بے اختیار ہوں۔